پاکستانتازہ ترین

پاکستان اور انڈیا کے درمیان فوجی قیدیوں کا تبادلہ

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں اہلکار سرحد غلطی سے پار کرنے پر گرفتار ہوئے جنہیں واہگہ بارڈر پر واپس کیا گیا ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان بدھ کے روز واہگہ-اٹاری سرحد پر ایک ایک فوجی قیدی کا تبادلہ ہوا۔ پاکستان نے انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار کانسٹیبل پورنم کمار شا کو انڈیا کے حوالے کیا، جبکہ انڈیا نے پنجاب رینجرز کے اہلکار محمد اللہ کو پاکستان کے حوالے کیا۔ دونوں اہلکار سرحد غلطی سے عبور کرنے پر گرفتار کیے گئے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق محمد اللہ کو گزشتہ مہینے انڈین پنجاب میں سرحد پار کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ دوسری طرف، پورنم کمار شا 23 اپریل کو فیروزپور سیکٹر میں ڈیوٹی کے دوران غلطی سے پاکستانی علاقے میں داخل ہو گئے تھے، جنہیں صبح تقریباً 11:50 پر پاکستان رینجرز نے حراست میں لیا۔

بی ایس ایف کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق، قیدیوں کی واپسی کا عمل بدھ کی صبح 10:30 بجے پرامن طریقے سے مکمل ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ اہلکار کی واپسی پاکستان رینجرز کے ساتھ رابطے اور فلیگ میٹنگز کے ذریعے ممکن ہو سکی۔

پورنم کمار شا کی رہائی کے بعد ان کے والد بھولناتھ شا نے انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین نہیں آیا، کل شام ساڑھے سات بجے ہمیں ان کی رہائی کی خبر ملی۔

پاکستانی حکام نے بتایا کہ کانسٹیبل کی گرفتاری سرحدی قانون کی خلاف ورزی کی وجہ سے عمل میں آئی۔

یاد رہے کہ 12 مئی کو پاکستان اور انڈیا کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان رابطہ ہوا تھا، جس میں دونوں ملکوں نے جنگ بندی پر عمل اور کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ یہ قیدیوں کا تبادلہ دونوں ملکوں کے درمیان رابطے اور اعتماد بڑھانے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button