
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے خلاف ہونے والے حالیہ جارحانہ حملے کو ناکام بنانے والے آپریشن بنیانِ مرصوص کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یومِ معرکہ حق منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری فوج نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
اس تاریخی کامیابی پر 16 مئی کو ملک بھر میں یومِ تشکر بھی منایا جائے گا۔
وزیراعظم نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا پیکج کا بھی اعلان کیا۔
اس پیکج کے تحت پاک افواج کے شہداء کے ورثا کو رینک کے حساب ایک کروڑ روپے سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے اور شہدا کے ورثاء کو گھر کی سہولت کے لیے رینک کے حساب سے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے سے 4 کروڑ 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
اس دوران شہید ہونے والے شہریوں کے ورثاء کو 1 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ پاک فوج کے زخمیوں کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ اور شہری زخمیوں کے لیے 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک دیے جائیں گے۔
پاک افواج کے شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز جاری رہیں گی۔ شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم اور بیٹی کی شادی کے لیے میرج گرانٹ کا بھی اعلان کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر شہری شہداء اور متاثرین کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج، تباہ شدہ گھروں اور مساجد کی تعمیر، اور یتیم بچوں کی کفالت کی تمام ذمہ داری وفاقی حکومت اٹھائے گی۔