
انڈین کرکٹ کے دو بڑے نام، ویرات کوہلی اور روہت شرما، اب ٹیسٹ میدانوں میں نظر نہیں آئیں گے۔ روہت شرما کے بعد ویرات کوہلی نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس سے انڈین کرکٹ میں ایک عہد کا اختتام ہو گیا ہے۔
ویرات کوہلی نے اپنے 15 سالہ شاندار ٹیسٹ کیریئر کے دوران 123 میچز میں انڈین کی نمائندگی کی، 9230 رنز اسکور کیے اور 30 سنچریاں بنائیں۔ بطور کپتان، انہوں نے انڈین ٹیم کو دنیا کی مضبوط ترین ٹیسٹ سائیڈ میں تبدیل کیا۔ ان کی قیادت میں انڈین نے آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ جیسے سخت دوروں میں شاندار فتوحات حاصل کیں۔
اس سے قبل، روہت شرما نے بھی ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہا۔ انہوں نے محدود مواقع میں خود کو ایک کامیاب اوپننگ بیٹر کے طور پر منوایا اور 52 ٹیسٹ میچوں میں 3,902 رنز بنائے، جن میں 10 سنچریاں شامل تھیں۔ روہت کا پراعتماد انداز اور ٹھنڈا مزاج ٹیم کے لیے مستقل قوت رہا۔
دونوں کھلاڑیوں کے یکے بعد دیگرے جانے سے انڈین ٹیسٹ ٹیم میں قیادت اور تجربے کا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ بی سی سی آئی اور مداحوں نے ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جنہوں نے انڈین کرکٹ کو نئی پہچان دی۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق، نوجوان کھلاڑیوں پر اب بڑی ذمہ داری عائد ہو چکی ہے کہ وہ ان کے چھوڑے ہوئے نقوش پر چلتے ہوئے ٹیم کو آگے لے جائیں۔