اوورسیزتازہ ترین
ٹرنڈنگ

تجارتی جنگ بندی، امریکا اور چین کا ٹیرف واپس لینے پر اتفاق

جنیوا میں ہونے والے مذاکرات میں فریقین نے ابتدائی طور پر 90 روز کے لیے ٹیرف کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جنیوا میں امریکہ اور چین کے درمیان ہونے والے دو روزہ تجارتی مذاکرات کے بعد دونوں ممالک نے ٹیرف میں کمی پر اتفاق کیا ہے۔ چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفنگ اور امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر کی قیادت میں جاری مذکرات کے نتیجے کے طور پر یہ مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔

امریکی حکام نے اس معاہدے کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین نے ٹیرف میں کمی کے لیے 90 دن کی عبوری مدت پر اتفاق کیا ہے۔

اس معاہدے کے تحت امریکہ نے چینی مصنوعات پر عائد 145 فیصد ٹیرف کو کم کرکے 30 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ چین نے امریکی مصنوعات پر عائد 125 فیصد ٹیرف کو 10 فیصد تک کم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ چین نے کچھ غیر ٹیرف اقدامات کو معطل یا ختم کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ نے عالمی معیشت پر منفی اثرات ڈالے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں چینی مصنوعات پر بھاری ٹیرف عائد کیے تھے، جس کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف لگائے تھے۔

مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے تجارتی مشاورت کے لیے ایک مستقل میکانزم قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے تنازعات سے بچا جا سکے۔ اگرچہ معاہدے کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں، لیکن دونوں ممالک نے آئندہ دنوں میں مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

اس پیش رفت کے بعد عالمی منڈیوں میں مثبت ردعمل دیکھا گیا ہے، اور اسٹاک مارکیٹوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدہ مستقل شکل اختیار کرتا ہے تو یہ عالمی معیشت کے لیے خوش آئند ہوگا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button