
انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر دونوں ممالک نے متعدد ہوائی اڈے بند کر دیے ہیں اور پروازوں کی معطلی کا اعلان کیا ہے، جس سے علاقائی اور بین الاقوامی فضائی سفر متاثر ہوا ہے۔
پاکستان نے ملک بھر کی فضائی حدود کو 11 مئی دوپہر 12 بجے تک کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت تمام قومی و بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی، اور اس حوالے سے نوٹس ٹو ایئرمین جاری کردیا گیا ہے۔ یہ اقدام انڈیا کی جانب سے حالیہ میزائل حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انڈین وزارت شہری ہوا بازی نے شمالی اور مغربی انڈیا کے 32 ہوائی اڈے 14 مئی تک عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جن میں ادھم پور، انبالہ، امرتسر، جموں، جام نگر، لیہہ پٹھان کوٹ، شملہ اور سری نگروغیرہ شامل ہیں۔ ان ہوائی اڈوں پر تمام سول پروازوں کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
ان اقدامات کے باعث دونوں ممالک میں فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے او جس سے حج آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔ حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں اور سفر سے قبل تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہیں۔