
سندھ میں قدرتی گیس کا نیا ذخیرہ دریافت
نئی دریافت سے گیس کی پیداوار کا اندازہ 30 ایم ایم سی ایف یومیہ لگایا گیا ہے: ماڑی انرجیز
ماڑی انرجیز نے سندھ کے ضلع سجاول میں سوہو ون بلاک کے مقام پر گیس کے نئے ذخیرے کی دریافت کا اعلان کیا ہے، جہاں سے اندازے کے مطابق روزانہ 30 ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب اس علاقے کی گہرائی میں موجود ریتیلے پتھروں سے گیس نکلی ہے، جو مستقبل میں اس علاقے میں مزید تیل اور گیس کی تلاش کے امکانات کو بڑھا سکتا ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ دوسرے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے بھی مزید علاقوں پر کام جاری ہے۔
یہ دریافت ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ملک میں توانائی کے نئے وسائل کی تلاش تیز ہو چکی ہے۔ رواں سال مارچ میں خیبر پختونخوا کے وزیرستان بلاک میں بھی سپن وام ون کنویں سے گیس اور تیل کے نمایاں ذخائر سامنے آئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں یہ کامیابیاں سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے تعاون سے ممکن ہوئی ہیں، جس کی بدولت 2020 کے بعد پہلی بار ملک میں تیل و گیس کے ذخائر میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔