تازہ ترین
ٹرنڈنگ

انڈیا کی جارحیت کے خلاف آج یومِ دفاع وطن منایا جا رہا ہے

اس اقدام کا مقصد قومی سطح پر اتحاد، یکجہتی اور دفاع وطن کے عزم کو اجاگر کرنا ہے۔

ملک کی تین بڑی مذہبی سیاسی جماعتوں کی اپیل پر آج جمعہ کے روز پاکستان میں یوم دفاع وطن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد انڈیا کی جارحیت کے خلاف قومی سطح پر یکجہتی کا اظہار اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

یوم دفاع وطن کے موقع پر مختلف شہروں میں یکجہتی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جبکہ مساجد میں جمعہ کے خطبات میں انڈیا کے عزائم کی مذمت اور دفاع وطن کے عزم پر زور دیا جا رہا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان اور شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ آج کے روز یوم عزم کے طور پر منائیں اور جمعہ کے اجتماعات میں انڈیا کی جارحیت کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرائیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دفاع وطن ہر شہری کا قومی فریضہ ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دشمن کو منہ توڑ جواب دینے والے سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جمعہ کو یوم عزم اور اتوار کو ’پاکستان زندہ باد ڈے‘ کے طور پر منایا جائے گا، تاکہ دشمن کو واضح پیغام دیا جا سکے کہ قوم متحد ہے۔

شیعہ علماء کونسل نے بھی آج یوم احتجاج منانے اور مسلح افواج سے یکجہتی کے اظہار کا اعلان کیا ہے۔ ملک بھر میں ان کی جانب سے اجتماعات اور بیانات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

رہنماؤں کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی سطح پر اتحاد، یکجہتی اور دفاع وطن کے عزم کو اجاگر کرنا ہے، خاص طور پر موجودہ خطے کی صورتحال کے تناظر میں جہاں انڈیا کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیزی دیکھی جا رہی ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button