
انڈیا کی جانب سے پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں ڈرون حملوں کا سلسہ جاری ہے تاہم پاکستانی فوج کی جانب سے موثر جواب دیا جا رہا ہے۔ اب پاکستانی فوج نے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا ہے۔ ڈرونز کا ملبہ گرنے سے 2 افراد شہید اور 2 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، سافٹ کل(تکنیکی) اور ہارڈ کل(ہتھیاروں) سے اب تک 25 ڈرون مار گرائے ہیں۔
انڈیا کی جانب سے 6 اور 7 مئی کو کیے گئے بزدلانہ حملوں متعدد سویلینز کی شہادتوں کے بعد پاکستان نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے پانچ جدید طیارے، بریگیڈ ہیڈکواٹر اور متعدد پوسٹیں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس کے بعد انڈیا کی جانب سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کے ذریعے پاکستان پر حملے کی کوششیں جاری ہیں، جنہیں پاکستانی افواج کامیابی سے ناکام بنا رہی ہیں۔
ڈرونز حملے کراچی،سندھ کے ضلع گھوٹکی،لاہور، اٹک، راولپنڈی، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، چکوال،چولستان سمیت مختلف سرحدی علاقوں میں ہوئے۔ گھوٹکی کے گاؤں سرفراز لغاری اور اٹک کے قریب گرنے والے ڈرونز کے ملبے سے دو افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو جوابی کاروائی کے لیے مکمل اختیارات دے دیے ہیں۔ پاک فوج نے انڈیا کی اس جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔