خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر ٹورزم پولیس کی مستقل تعیناتی کا اعلان
کارکردگی کی بنیاد پر اہلکاروں کے کنٹریکٹ میں توسیع کی جائے گی: کمانڈنٹ عمر خان
ٹورزم پولیس خیبرپختونخوا کے کمانڈنٹ عمر خان نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ سیاحتی سیزن کے دوران صوبے کے تمام اہم سیاحتی مقامات پر ٹورزم پولیس کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو سیاحوں کو فوری مدد، رہنمائی اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے تعینات کیا جائے گا، جبکہ ان کی تربیت اخلاقی رویے اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں پر مرکوز ہو گی۔
کمانڈنٹ کے مطابق، ناران، سوات، چترال، کیلاش اور نتھیا گلی سمیت مختلف مقامات پر تعیناتی سے سیاحوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورزم پولیس کی موجودہ کارکردگی کو سراہا گیا ہے جس کی بنیاد پر اہلکاروں کے کنٹریکٹ میں توسیع کی جائے گی۔
عمر خان نے بتایا کہ سیزن کے دوران ٹریفک جام، سڑکوں کی بندش اور ہوٹلوں میں رش جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے بھی ٹورزم پولیس کی معاونت حاصل کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولنگ مؤثر بنانے کے لیے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کی جانب سے پٹرول فراہم کیا جائے گا، جبکہ اہلکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے صوبے کی سیاحتی صنعت کو فروغ ملے گا اور سیاحوں کے لیے ایک محفوظ اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔