پاکستانتازہ ترین

پنجاب میں شہری دفاع، ریسکیو 1122 کی مشقیں جاری

عوامی تحفظ یقینی بنانے کیلئے مشقوں کے ذریعے اداروں کی تیاری اور حکمت عملی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت نے ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور عوامی سلامتی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں شہری دفاع اور ریسکیو 1122 کی فرضی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ان مشقوں کا مقصد اداروں کی تیاری، باہمی رابطے اور ہنگامی صورتحال میں مؤثر حکمت عملی کا عملی جائزہ لینا ہے۔

یہ مشقیں لاہور، راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، نارووال، حافظ آباد، سیالکوٹ، ساہیوال، پاکپتن، خانیوال، ملتان، مظفرگڑھ، لیہ، وہاڑی سمیت مختلف اضلاع میں جاری ہیں۔ محکمہ شہری دفاع کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو 1122 کے اہلکار مختلف مقامات پر عملی تربیت میں مصروف ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ ان مشقوں کی مؤثر نگرانی کرے تاکہ ان کی افادیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

مشقوں کا مقصد صرف اداروں کی تیاری کا جائزہ لینا ہی نہیں بلکہ عوامی تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی کی جانچ اور بہتری بھی ہے۔ شہری دفاع اور ریسکیو 1122 کے اشتراک سے کی جانے والی مشقیں ہنگامی ردعمل میں تعاون کو بہتر بنانے کی کوشش کا حصہ ہیں۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب انڈیا نے 6 اور 7 مئی کی شب اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا۔ اس حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے انڈین ائیر فورس کے تین رافیل طیارے، دو دیگر جنگی جہاز، ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر، متعدد چیک پوسٹس اور کئی ڈرونز تباہ کر دیے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button