0

(ن) لیگ کی حکومت پر پیپلز پارٹی کی تلوار لٹکی رہے گی، مفتاح اسماعیل نے حیران کن بات کہہ دی

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ملسم لیگ (ن) کی وفاق میں حکومت پر پاکستان پیپلز پارٹی کی تلوار لٹکی رہے گی۔ گفتگو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت میں پیپلز پارٹی کسی بھی بل کی مخالفت کر سکے گی، نجکاری ناگزیر ہے اب دیکھتے ہیں پیپلز پارٹی نجکاری پر کیا کہتی ہے۔مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ شہباز شریف کو وزیر اعظم بنانے کی باتیں ہو رہی ہیں، سرگوشیوں میں بلوچستان سے جام کمال کو وزیر اعظم بنانے کیلیے بھی کہا جا رہا ہے، میرے خیال میں پنجاب میں مریم نواز وزیر اعلیٰ ہوں گی۔اپنی گفتگو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ایک اقلیتی حکومت ہوگی اور پی ٹی آئی تگڑی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرنا ہے جبکہ بہت سے ریفارمز کی بات ہوگی، (ن) لیگ نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کرنا بہت مشکل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کیلیے آئندہ 2 سال بہت مشکل ہوں گے، دیکھنا ہوگا حکومت کتنی بردباری سے چیزوں سے نمٹنے کی کوشش کرتی ہے، میرا مسلم لیگ (ن) قیادت کے ساتھ رابطے نہیں ہیں، قیادت کو میرے مشورے کی ضرورت ہے اور نہ میرے پاس ان کیلیے مشورہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو ملک کے وسیع مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے، طویل مدتی پالیسی رکھنا ہوگی مشکل فیصلے کرنا مجبوری ہے۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت میں اچھے فیصلے ہوتے تو آج نتائج یقیناً مختلف ہوتے، اکتوبر 2022 میں آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل ہو جاتی تو بے چینی نہ رہتی، ڈیل وقت پر ہو جاتی تو آج مہنگائی کے عذاب سے نہ گزرتے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے وقت پر آئی ایم ایف ڈیل کر لی ہوتی تو آج صورتحال مختلف ہوتی، فیصلے ملتوی کریں اور ہر چیز پر کہیں کہ اس کو بعد میں دیکھ لیں گے تو نقصان ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں