تازہ ترینتعلیم
ٹرنڈنگ

ہارورڈ نے 2 ارب ڈالر کی فنڈنگ روکنے پر ٹرمپ انتظامیہ کو عدالت میں چیلنج کر دیا

حکومت یہ واضح کرنے میں ناکام رہی کہ سائنسی تحقیق پر پابندی کا تعلق احتجاج سے کیسے ہے: ہارورڈ کا موقف۔

ہارورڈ یونیورسٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے جس کے تحت وفاقی حکومت نے تعلیمی ادارے کیلئے 2 ارب ڈالر سے زائد کی فنڈنگ عارضی طور پر روک دی تھی۔ یونیورسٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ فنڈنگ کی معطلی غیرقانونی ہے اور حکومتی اختیارات سے تجاوز کے مترادف ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر کے مطابق، فنڈنگ کی معطلی اس وقت کی گئی جب ہارورڈ نے حکومت کے بعض غیرقانونی مطالبات ماننے سے انکار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت یہ واضح کرنے میں ناکام رہی کہ سائنسی اور تکنیکی تحقیق پر پابندی کا احتجاجی مظاہروں سے کیا تعلق ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم ماضی میں انتظامیہ کا یہ مؤقف رہا ہے کہ امریکی جامعات میں یہود مخالف سرگرمیوں اور شناختی سیاست پر مبنی پالیسیوں کا تدارک ضروری ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے خلاف امریکی کیمپسز پر ہونے والے مظاہرے یہود مخالف جذبات سے بھرپور تھے، جن کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے گئے۔

ہارورڈ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اب تک یہ واضح نہیں کر سکی کہ یہ پابندیاں ان سائنسی اور تحقیقی منصوبوں سے کیسے جڑی ہیں جن کا مقصد عوامی فلاح، قومی سلامتی، اور بین الاقوامی سطح پر امریکہ کی برتری کو برقرار رکھنا ہے۔

گزشتہ برس احتجاجی مظاہروں کے دوران، ہارورڈ سمیت کئی اعلیٰ تعلیمی اداروں نے طلبہ کے خلاف کارروائیاں کیں۔ ہارورڈ نے 23 طلبہ کو پروبیشن پر رکھا اور 12 طلبہ کی ڈگریاں عارضی طور پر روک دی گئیں، جیسا کہ مظاہرین کے منتظمین نے دعویٰ کیا۔

کچھ اداروں، جیسے نیویارک میں واقع کولمبیا یونیورسٹی، نے وفاقی حکومت کے بعض مطالبات کو تسلیم کیا۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک کی جامعات انتہائی بائیں بازو کے خیالات کا گڑھ بن چکی ہیں۔

غیرجانبدار تنظیم ’فاؤنڈیشن فار انڈیویجول رائٹس اینڈ ایکسپریشن‘ کے گورنمنٹ افیئرز کے سربراہ، وکیل ٹائلر کووارڈ نے ہارورڈ کی قانونی کارروائی کو سراہا۔ ان کے بقول، یہ اقدام اعلیٰ تعلیم کے بنیادی اصولوں اور آزادی اظہار کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے اور وفاقی اختیارات کے غلط استعمال کے خلاف اصولی موقف کی نمائندگی کرتا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button