
ہنگری نے پاکستانی طلبہ کے لیے اپنے سرکاری تعلیمی پروگرام سٹیپنڈیئم ہنگریکم کے تحت سالانہ وظائف کی تعداد 200 سے بڑھا کر 400 کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے ایک حالیہ دوطرفہ اجلاس کے دوران سامنے آیا تھا جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
سٹیپنڈیئم ہنگریکم ہنگری کا ایک مکمل مالی امدادی تعلیمی پروگرام ہے، جس کے تحت پاکستانی طلبہ بیچلر، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح پر مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ وظائف تعلیمی فیس، ماہانہ وظیفہ، رہائش کی سہولت اور طبی بیمہ پر مشتمل ہوتے ہیں۔ اب تک ایک ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ اس پروگرام سے استفادہ کر چکے ہیں، جس سے پاکستان اور ہنگری کے درمیان علمی و ثقافتی روابط کو تقویت ملی ہے۔
درخواست دینے کے لیے دو مرحلوں پر عمل کرنا لازم ہے جس میں ایک ہنگری کے آن لائن پورٹل پر اور دوسرا ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی ویب پورٹل پر ہیں۔ بنیادی شرائط میں تعلیمی اسناد، میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ، انگلش پروفیشنسی ٹیسٹ کا رزلٹ، موٹیویشن لیٹر، اور اور ایچ اے ٹی یا یو ایس اے ٹی امتحان میں کم از کم 50 نمبر شامل ہیں۔
درخواست کا مکمل طریقہ کار اور دیگر تفصیلات ایچ ای سی کی ویب سائٹ اور سٹیپنڈیئم ہنگریکم کے سرکاری پورٹل پر دستیاب ہیں۔