پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

ایشین ڈویلپمنٹ بینک کا پاکستان کے لیے 33 کروڑ ڈالر اضافی امداد کا اعلان

اے ڈی بی کی معاونت سے 93 لاکھ افراد مستفید ہوں گے جبکہ تعلیم، صحت اور غذائیت میں بہتری کا امکان ہے۔۔

ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کی 2024 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ماحولیاتی آفات کی وجہ سے اوسطاً سالانہ 2 ارب ڈالر سے زائد کا اقتصادی نقصان اٹھاتا ہے۔

یہ آفات ملک میں غربت کی موجودہ سطح کو مزید بڑھا دیتی ہیں اور خاص طور پر خواتین اور کمزور طبقے کو زیادہ متاثر کرتی ہیں۔
اے ڈی بی نے بتایا ہے کہ پاکستان اس خطے کا ایک انتہائی ماحولیاتی طور پر حساس ملک ہے، اور قدرتی آفات یہاں کے معاشی اور سماجی حالات پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اے ڈی بی نے 2024 میں پاکستان کے لیے 500 ملین ڈالر کا پالیسی پر مبنی قرضہ منظور کیا تھا جس کا مقصد آفات کے لیے پاکستان کی تیاری اور ردعمل کی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔

اس پروگرام کے تحت قدرتی آفات کے خطرات کی نشاندہی کی جائے گی اور آفات سے بچاؤ کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے پر زور دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اے ڈی بی نے اپنی آفات کی فنانسنگ سہولت کو بھی فعال کیا ہے، جو کہ پہلی بار پاکستان سمیت وسطی اور مغربی ایشیا کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ اس کا مقصد آفات کی صورت میں فوری مالی امداد فراہم کرنا ہے۔

اے ڈی بی نے مزید 330 ملین ڈالر کی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے، جس سے پاکستان میں 9.3 ملین افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ اس منصوبے کا مقصد غریب خواتین اور بچوں کے لیے تعلیم، صحت، اور غذائیت کی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی شہری آبادی کو رہائشی سہولتوں، بہتر منصوبہ بندی اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے لیے اے ڈی بی نے نئی شہری ترقیاتی ماڈل تجویز کی ہے۔

یہ اقدامات اے ڈی بی کی پاکستان کے سماجی اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جو پائیدار ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے اہم قدم ثابت ہوں گے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button