
سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ یکم ذوالقعدہ سے 14 ذوالحجہ تک حج کے ایام میں بغیر اجازت حج کرنے یا اس میں معاونت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ حج کے انتظامات کو محفوظ، منظم اور قانون کے مطابق رکھا جا سکے۔
وزارت کے مطابق، بغیر حج پرمٹ کے حج کرنے یا اس کی کوشش کرنے والے افراد پر 20 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ یہ ضابطہ نہ صرف ان افراد پر لاگو ہوگا جو خود غیر قانونی طور پر حج کی کوشش کریں گے بلکہ ان پر بھی جو کسی کو اس میں سہولت فراہم کریں۔
اعلان کے مطابق، ایسے تمام افراد جو کسی غیر مجاز حاجی کو رہنے کی جگہ، سفری سہولت یا کسی بھی نوعیت کی مدد فراہم کریں گے، ان پر فی فرد ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ یہ پابندیاں وزٹ ویزا سپانسر کرنے والوں، بغیر اجازت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والوں، اور ایسے افراد پر بھی لاگو ہوں گی جو غیر قانونی رہائش کی اجازت دیں۔
وزارت نے مزید خبردار کیا کہ جو غیر ملکی زائرین ویزا کی معیاد ختم ہونے کے باوجود ملک میں موجود ہوں گے اور حج کی کوشش کریں گے، انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا اور آئندہ 10 سال کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر حج کی خلاف ورزیوں میں استعمال ہونے والی گاڑیاں سہولت کار یا ان کے معاونین کی ملکیت ہوں، تو انہیں ضبط کیا جا سکتا ہے۔