پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

پاکستان کو 24 سے 36 گھنٹوں میں انڈین ملٹری سٹرائیک کا خدشہ

وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ نے ایکس پر خبردار کیا ہے کہ انڈیا کی فوجی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کو مصدقہ خفیہ اطلاعات ملی ہیں جن کے مطابق انڈیا اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے لیے پہلگام حملے کو بہانہ بنایا جا رہا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام حملے کی اصل حقیقت کو سامنے لانے کے لیے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، تاہم انڈیا نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے اور اپنے عزائم واضح کر دیے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے خبردار کیا کہ انڈیا کی کسی بھی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری انڈیا پر ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی، سفارت کاروں کی بے دخلی اور دیگر اقدامات خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لے۔

چند روز قبل پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد انڈیا نے اس کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کی معطلی، دفاعی اتاشیوں کی واپسی اور پاکستانیوں کو بے دخلی کا حکم دینے سمیت متعدد اقدامات کیے تھے۔ جواباً پاکستان نے تمام دو طرفہ معاہدوں کی معطلی اور فضائی حدود کی بندش جیسے جوابی اقدامات اٹھائے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے اور سفارتی سطح پر رابطوں کی امکان ظاہر کی ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button