
پاکستان نے حج آپریشن 2025 کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی پرواز 442 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہوئی۔ سرکاری سکیم کے تحت اس سال تقریباً 90 ہزار افراد حج ادا کریں گے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور، سعودی عرب کے سفیر اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر نے عازمین کو رخصت کیا۔ کوئٹہ اور لاہور سے بھی آج مزید خصوصی پروازیں روانہ کی جا رہی ہیں۔
سرکاری حج سکیم کے تحت مجموعی طور پر 90 ہزار پاکستانی عازمین حج ادا کریں گے، جن میں سے 35 ہزار سے زائد افراد پی آئی اے کی 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب جائیں گے۔

حج آپریشن دو مراحل پر مشتمل ہو گا۔ پہلے مرحلے میں پروازیں مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں عازمین کو جدہ لے جایا جائے گا۔ پی آئی اے اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان اور کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں چلائے گی۔
حج سے قبل روانگی کا سلسلہ 31 مئی تک جاری رہے گا، جبکہ واپسی کا آپریشن 10 جون سے شروع ہو کر 10 جولائی کو مکمل ہوگا۔