0

نادیہ جمیل کا اسرائیل کی درندگی پر خاموش مسلم ممالک پر شدید غصے کا اظہار

اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے اسرائیل کی درندگی پر خاموش رہنے والے مسلم ممالک پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بھرپور طاقت کے ساتھ آپریشن اور وحشیانہ بمباری شروع کردی ہے، جس کی نتیجے میں غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہوگیا ہے۔الجزیزہ کے مطابق فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جوال نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے آخری بچنے والی انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا ہے۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ میں 100 سے زائد فضائی طیارے بمباری کررہے ہیں جبکہ ٹینکس اور توپوں کے ذریعے بھی بمباری کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے ہر طرف تباہی اور آگ لگی نظر آرہی ہے۔یہ اسرائیل کا غزہ پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے، سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات اور فنکار برادری کی جانب سے اسرائیل کے خلاف آواز بلند کی جارہی ہے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ایسے میں معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ترکیہ کے ایک ٹیلی ویژن پروگرام کا ایک ویڈیو کلپ پوسٹ کیا جس میں ایک فلسطینی کا پیغام پڑھ کر سنایا جارہا تھا۔ فلسطینی نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ مسلم ممالک سے کہو کہ وہ ہماری نماز جنازہ نہ پڑھیں، ہم زندہ ہیں اور تم مر چکے ہو۔اس پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے نادیہ جمیل دنیا کے تمام مسلم ممالک پر پھٹ پڑیں، جو اس وقت اسرائیل کی دہشتگردی پر خاموشی اختیار کیے بیٹھے ہیں۔نادیہ جمیل نے کہا کہ پاکستان سمیت ہر مسلم ملک کو شرم آنی چاہیے جو خاموشی سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین کی نسل کشی دیکھ رہے ہیں، انہوں نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت شرمندہ ہوں۔دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرتے ہوئے محصور غزہ تک امدادی رسائی اور اس کے شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں