
پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے تحریک انصاف میں مائنس ون فارمولے سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔اپنے بیان میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی مدت جنوری میں ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمیشن کا کردار متنازعہ اور مایوس کن رہا ہے۔ ان کی وجہ سے غیر آئینی اقدامات اٹھائے گئے۔ سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کے فیصلوں پر بار بار اعتراضات اٹھائے۔تاریخ میں کسی چیف الیکشن کمشنر نے ایسا کردار ادا نہیں کیا۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مائنس ون فارمولے کو کامیاب بنانے میں چیف الیکشن کمشنر کا کردار کلیدی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر فارم 47 پلان میں سہولت کار رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف عمر ایوب کے ذریعے سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت (درخواست) جمع کرادی۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے بانی کے خلاف پراسیکیوٹر کا کردار ادا کیا۔