0

بابر اعظم کی کپتانی پر شعیب اختر برس پڑے

اسلام آباد:قومی ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر ایشیا کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست پر بابر اعظم کی کپتانی پر برس پڑے۔ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔سری لنکا اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔یوٹیوب چینل پر شعیب اختر نے کہا کہ ایشیا کپ میں بابر اعظم نے کپتانی اچھی نہیں کی، زمان سے چھ اوورز کروائے گئے، کپتانی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، شکست پر مایوسی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ فائنل جیتنے کا حقدار تھا لیکن وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکے ہیں ان پر بہت تنقید کی جاسکتی ہے کیونکہ انہیں فیوریٹ ٹیم کہا جارہا تھا۔شعیب اختر نے کہا کہ بدقسمتی سے فائنل میں پاکستان کا بھارت سے مقابلہ نہیں ہوسکتا جو کہ ہونا چاہیے تھا تاہم سری لنکا فائنلسٹ ہونے کا مستحق تھا انہوں نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کو چاہیے کہ واپس آکر دیکھیں کہ کہاں غلطیاں ہوئی ہیں اور انہیں ورلڈ کپ سے قبل ٹھیک کریں۔شعیب اختر نے زمان خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’جتنا میچ بنا زمان نے بنایا، اس نے بہت اچھی بولنگ کی، شاہین نے بھی وکٹیں لیں لیکن کریڈٹ زمان خان کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں اور امید ہے کہ وہ بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں