0

جِلد کے امراض کو معمولی نہ جانیں، نئی تحقیق

عموماً ہر شخص زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر جِلدی امراض میں مبتلا ہوتا ہے تاہم کوئی اسے معمولی نہ جانے کیونکہ نئی تحقیق کے مطابق یہ عام مرض کئی سنگین بیماریوں کی وجہ بن سکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماہرین صحت نے جِلد کے امراض سے متعلق نئی تحقیق کی جس میں مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کیا گیا اور ان کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔یہ تحقیق ایک طبی جریدے میں شائع ہوئی جس کے مطابق ماہرین نے 4 لاکھ سے زائد بچوں اور 6 لاکھ سے زائد ایسے بالغ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جو امراض جِلد (جِلد پر شدید سرخ خارش) میں مبتلا تھے اور انہوں نے 1994 سے 2015 کے دوران مختلف اوقات میں علاج بھی کرایا۔اس تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ مذکورہ جِلدی مرض میں مبتلا بچوں اور بالغ افراد کے آنتوں، معدے اور نظام ہاضمہ سے متعلق دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق بچوں میں آنتوں اور معدے سمیت پیٹ کی دیگر بیماریوں کے بڑھنے کے امکانات 44 فیصد زائد نوٹ کیے گئے جب کہ بالغ افراد میں یہ شرح 34 فیصد تک تھی۔اس تحقیق کے لیے ماہرین نے مذکورہ تمام افراد کے میڈیکل ریکارڈ جنوری 2020 سے جون 2023 تک لیا اور پھر ان افراد میں ہونے والی بیماریوں کی درجہ بندی کی۔ماہرین کے مطابق امراض جلد میں مبتلا افراد میں سانس پھولنے، پیٹ میں درد، مروڑ، قبض، آنتوں اور معدے کے مسائل سمیت اسی طرح کی دیگر بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بالغ افراد میں السر، خونی بادی اور بواسیر کی شکایات بھی بڑھ جاتی ہیں جب کہ ان میں قبض سمیت پیٹ کے درد کا مسئلہ بھی بڑھ جاتا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کی جانے والی تحقیقات سے یہ بات بھی ثابت ہو چکی ہے کہ امراض جلد سے امراض قلب اور جوڑوں کے درد سمیت دیگر چند سنگین بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں