
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت نے متنازعہ پیکا ایکٹ کے ذریعے آزادی اظہار پر پابندی عائد کی ہے، متنازعہ پیکا ایکٹ واپس لیا جائے۔صوابی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وہ 8 فروری کو پیکا ایکٹ کے خلاف آواز اٹھائیں گے، ہر شہری کو بولنے کا حق ہے لیکن انہوں نے پیکا ایکٹ کے ذریعے یہ حق چھین لیا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ اس متنازعہ پیکا ایکٹ کو واپس لیا جائے، ہم اس معاملے میں صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کو صوابی میں ہونے والا جلسہ پاکستان کی سیاست کا رخ بدل دے گا۔ 8 فروری کو عوام کا مینڈیٹ چرایا گیااور زیادتی کی۔ہم چوری شدہ مینڈیٹ واپس لیں گے۔اسد قیصر نے کہا کہ انہوں نے 26ویں ترمیم کے بعد عدالتی نظام کو ختم کر کے اسے اپنے تابع کر دیا ہے، جب بھی ہماری حکومت آئے گی 26ویں ترمیم کو ختم کر کے عدالتوں کو ظالموں کے شکنجے سے آزاد کرائیں گے۔