
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کارکنوں سے 8 فروری کو ہونے والے جلسے کے لیے مالی تعاون کی اپیل کی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے 8 فروری کے جلسے کے لیے مالی تعاون کی اپیل کر دی۔کے پی کے صدر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ علی امین نے پارٹی اس وقت سنبھالی جب کوئی پارٹی سنبھالنے کو تیار نہیں تھا، علی امین گنڈا پور سے جلسے کے لیے پیسے نہیں مانگیں گے۔انہوں نے کہا کہ جلسے کے لیے ہر ویلج کونسل کو اپنی سطح پر گاڑیوں اور کارکنوں کا انتظام کرنا ہوگا، ہماری توجہ 8 فروری کے جلسے پر ہونی چاہیے۔پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر نے مزید کہا کہ 8 فروری کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے کی تیاریاں کر رہی ہے، جلسے کے لیے تمام رہنماؤں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔خیبرپختونخوا کے ہر ایم این اے کو 500 سے زائد کارکنوں کو نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔