
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری پر خیبرپختونخوا میں احتجاج نہ کرنے پر وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور سے ناراض ہوگئے۔علی امین گنڈا پور نے پیر کو پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں عمران خان نے علی امین گنڈا پور پر برہمی کا اظہار کیا، پی ٹی آئی بانی کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری پر خیبرپختونخوا میں احتجاج کیوں نہیں ہوا؟ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین سے ملاقات میں عمران خان نے خیبرپختونخوا میں کرپشن کی روک تھام کے لیے اقدامات پر زور دیا۔ آئندہ کسی قسم کی شکایت نہ آئے۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے علی امین کو عاطف خان سمیت پارٹی رہنماؤں سے حکومتی امور پر مشاورت کرنے کی ہدایت کی اور خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس کے لیے وزیراعلیٰ پر زور دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے علی امین کی محسن نقوی کے ساتھ تصاویر پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو ہدایت کی کہ وہ محسن نقوی کا دوست بننے کے بجائے گورننس پر توجہ دیں۔گزشتہ دنوں عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹا کر ان کی جگہ جنید اکبر کو صدر مقرر کیا تھا۔یاد رہے کہ 17 جنوری کو احتساب عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے تحویل میں لے لیا گیا تھا۔