
وزیراعظم شہبازشریف نےپاکستان ریلویز کی زمین کو نجی شعبے کے تعاون سے کاروباری سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریلویز خطے میں خصوصاً وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لیے حکمت عملی تشکیل دے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پاکستان ریلویزکے حوالے سے اجلاس ہوا۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب میں پاکستان ریلویزکو10 ارب روپے کا نقصان ہوا اور35 دنوں تک پٹریاں زیرآب رہیں۔ ملک میں مال برداری کی مارکیٹ میں پاکستان ریلویزکا 8 فیصد حصہ ہے۔ پاکستان ریلویزکی رائٹ سائزنگ کےعمل میں 18 فیصد غیرضروری عملہ فارغ کردیا گیا ہے۔ اس موقع پروزیراعظم نے پاکستان ریلویزکومسابقتی طورپرمسافروں کو راغب کرنے کی ضرورت پرزوردیا اورکہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے پاکستان ریلویز میں مسافروں کو سفرکی بہتر خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے پاکستان ریلویز میں پیشہ ورانہ اورباصلاحیت افرادی قوت استعمال کرنے کی ہدایت کی اورپرانے نظام کو دورحاضرکے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے تبدیل کرنے پرزوردیا۔