
اسرائیل کا جنوبی لبنان میں واپس آنے والے شہریوں پر حملہ، 22 افراد شہید
لبنان کے جنوبی علاقے سے آنے والے تارکین وطن کی واپسی کی کوشش کے دوران اسرائیلی فورسز نے ان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 22 افراد شہید ہوگئے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق لبنانی حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں شہریوں کے انخلا کا حکم دیا تھا اور شہری اسرائیلی فوج کے حکم کے تحت اپنی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ صہیونی فورسز نے حملہ کردیا۔لبنان کی وزارت صحت نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جنوبی علاقے میں اسرائیلی فوج کے حملے میں 22 افراد شہید اور 124 زخمی ہوئے ہیں اور اسرائیلی فوج ابھی تک مذکورہ علاقے پر قابض ہے جب کہ شہری وہاں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں تعینات فوجیوں نے کئی علاقوں میں خطرات کو ختم کرنے کے لیے وارننگ کے طور پر فائرنگ کی اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔حزب اللہ کے المنار ٹیلی ویژن نے جنوبی لبنان سے ویڈیوز بھی نشر کیں، جن میں عام شہریوں کو گروپ کا جھنڈا اور شہید حزب اللہ کے جنگجوؤں کی تصاویر پکڑے اپنے علاقوں کی طرف جاتے ہوئے دکھایا گیا۔قبل ازیں اسرائیل نے کہا تھا کہ وہ امریکہ کی ثالثی میں طے شدہ ڈیل کے باوجود جنوبی لبنان میں اپنی فوجیں رکھے گا۔