
غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کو مسترد کرتے ہیں، اردن
اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی کا کہنا ہے کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ کے فلسطینیوں کو اردن اور مصر میں پناہ دینے کے بیان پر غزہ سے فلسطینیوں کی کسی بھی قسم کی بے دخلی کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔وزیر خارجہ ایمن صفادی نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینیوں کی بے دخلی پر اردن کا موقف ٹھوس اور غیر متزلزل ہے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اردن پہلے ہی مقبوضہ علاقوں سے بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق اردن میں 23 لاکھ رجسٹرڈ فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں جب کہ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ مزید فلسطینیوں کو آباد کرنے کے لیے اردن اور مصر کو دی جانے والی امداد روکنے کی دھمکی دے سکتے ہیں۔گزشتہ ہفتے امریکا نے اسرائیل اور مصر کے علاوہ تمام غیر ملکی امداد معطل کر دی تھی۔عرب میڈیا کے مطابق مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے بعد سب سے زیادہ امریکی امداد اردن اور مصر کو ملتی ہے۔