
خیبرپختونخوا میں سال کا پہلا ایم پاکس کیس رپورٹ
خیبرپختونخوا میں 2025 کا پہلا ایم پی اوکس کیس سامنے آیا ہے، جہاں پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب نے دبئی سے پشاور ایئرپورٹ پر آنے والے 35 سالہ مسافر میں ایم پی اوکس کی تصدیق کی۔ پشاور ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والی پرواز میں اسکریننگ کے دوران مسافر میں ایم پاکس کی علامات پائی گئیں، ایم پاکس کیس کی اطلاع ملتے ہی پبلک ہیلتھ کی ٹیم پشاور ایئرپورٹ پہنچ گئی۔اور صحت عامہ کی ٹیم نے مریض کو فوری طور پر پولیس سروسز ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔مشیر صحت احتشام علی نے بتایا کہ پولیس ہسپتال سے مریض کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب کو بھجوا دیے گئے ہیں اور لیب نے دبئی سے آنے والے 35 سالہ شخص میں ایم پوکس کی تصدیق کی ہے۔مریض کے آس پاس موجود مسافروں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے پشاور ایئرپورٹ کے منیجر کو بھی خط لکھا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں اب تک ایم پوکس کے 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 2023 میں دو، 2024 میں سات اور 2025 میں پہلا کیس سامنے آیا ہے۔