
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر بلامقابلہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی منتخب ہوگئے۔چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی نامزدگی کے لیے اجلاس ہوا جس میں اراکین نے شرکت کی۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایم این اے جنید اکبر کو متفقہ طور پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا، طارق فضل چوہدری، عمر ایوب، شبلی فراز نے جنید اکبر خان کا نام تجویز کیا۔ریاض فتیانہ، عامر ڈوگر، ثبیہ قمر، سردار یوسف زمان اور دیگر نے جنید اکبر کی حمایت کی۔اراکین کمیٹی نے جنید اکبر خان کو مبارکباد دی، جنید اکبر خان نے متفقہ طور پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) منتخب ہونے پر اراکین کا شکریہ ادا کیا۔کمیٹی ممبران نے جنید اکبر خان کو کمیٹی چلانے میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔نو منتخب چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان نے کہا کہ تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلیں گے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لیے کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے حل ہو گیا ہے۔