
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔وفاقی وزیر محسن نقوی نے امریکی رکن کانگریس جو ولسن اور رکن کانگریس راب بریسناہن سے الگ الگ ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکا تعلقات کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی، سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران خطے میں پائیدار امن کے قیام بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور ثقافتی وفود کے باہمی تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے لیے ہر سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور رکن کانگریس جو ولسن اور رکن کانگریس راب بریسناہن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا اہم ترین اسٹریٹجک پارٹنر ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، عالمی امن اور تنازعات کے حل کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خطاب یقیناً بہت حوصلہ افزا ہے۔