
گرینڈ اپوزیشن الائنس نے موجودہ سیاسی، معاشی، آئینی اور سیکیورٹی معاملات پر بحث کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بلانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن قیادت نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جمہوری قوتوں کو مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کا ایجنڈا آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو بحال کرنا ہے۔کانفرنس میں وکلاء، ماہرین تعلیم، کسانوں، سول سوسائٹی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔گرینڈ اپوزیشن الائنس دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کی عدم توجہی کے باعث ملک میں جاری بحرانوں پر نہ صرف غور کرے گا بلکہ اس سے نمٹنے اور ملک کو درست سمت میں گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر سے اپوزیشن اتحاد کی ملاقات میں اے پی سی بلانے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ سیاسی صورتحال پر بات کرکے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری سے بھی رابطہ کر سکتا ہے اور انہیں اتحاد میں شامل ہونے کا کہہ سکتا ہے۔چونکہ فواد چوہدری کی پی ٹی آئی میں واپسی کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے اس لیے وہ گرینڈ اپوزیشن الائنس میں شامل ہو کر موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔