
افغان قیدی خان محمد کوامریکی جیل سے رہائی مل گئی
افغانستان اورامریکہ کے درمیان وسیع اورنتیجہ خیزمذاکرات کے بعد امریکی شہریوں کی رہائی کے بدلے ایک افغان قیدی خان محمد کی امریکی جیل سے رہائی کا معاہدہ طے پایا۔
خان محمد کو منشیات کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا اوروہ کیلیفورنیا میں اپنی سزا کاٹ رہے تھے۔ انہیں تقریباً دو دہائیاں قبل ننگرہارسے حراست میں لیا گیا تھا۔ امریکی عدالت نے بعد میں انہیں عمرقید کی سزا سنائی تھی۔
افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سےجاری بیان کے مطابق ’امارت اسلامیہ افغانستان اس تبادلے کو بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی بہترین مثال سمجھتی ہے۔‘
افغان حکومت نے اس سلسلےمیں موثرکردارادا کرنے پربرادرممالک قطراورمتحدہ عرب امارات کا شکریہ بھی ادا کیا ہے اورکہا ہے کہ ’امارت اسلامیہ امریکہ کی طرف سے اٹھائے گئے ان اقدامات کو مثبت اندازمیں دیکھتی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پرلانے اوردوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں معاون ہیں۔‘
امریکی میڈیا کےمطابق افغان طالبان نے امریکہ کے دوقیدیوں ریان کاربٹ اورویلیم ویلس میکنٹی نامی دوشہریوں کوافغان طالبان نے رہا کیا ہے۔