
پنجاب میں آسان کاروبار سکیم کے تحت 84 ارب روپے سے زائد رقم مختص کر دی گئی ہے۔
لاہور سے پی آر او پنجاب کی پریس ریلیز کے مطابق اس سکیم کی دو اقسام، ‘آسان کاروبار فنانس سکیم’ اور ‘آسان کاروبار کارڈ سکیم’ کے تحت بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
فنانس سکیم کے لیے 36 ارب روپے جبکہ کارڈ سکیم کے لیے 48 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ منگل کو جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ "پنجاب کا ہر نوجوان معیشت کی بہتری میں آسان کاروبار سکیم کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرے گا۔”پنجاب میں 25 سے 55 سال کے رہائشی مرد و خواتین، ٹرانسجینڈر اور سپیشل افراد قرض کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔
آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔ قرض 5 سال کی آسان قسطوں میں واپس لیا جائے گا۔ قرض لینے کیلئے ایکٹیو فائلر ہونا ضروری ہے اور کسی بھی مالیاتی ادارے کا ڈیفالٹر نہیں ہونا چاہیے۔
آسان کاروبار کارڈ سکیم میں سٹارٹ اپ اور چھوٹے کاروبار کیلئے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے بھی دیئے جائیں گے۔ آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت قرض 3 سال میں آسان اقساط میں ادا کیا جا سکتا ہے۔