145

سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے سفید پوش طبقہ خریدنے سے لاچار

فیصل آباد:سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ نے سفید پوش طبقہ کو پریشان کر رکھا ہے، قیمتوں میں اضافہ کے باعث پھلوں کی خریداری میں کمی واقع ہوئی ہے اور لوگ صرف دو وقت کی روٹی کو بمشکل پورا کر رہے ہیں۔

مہنگائی کا جن ہے کہ بوتل میں بند ہی نہیں ہو رہا ، روزانہ سبزیوں اور پھلوں کی بڑھتی قیمتیں متوسط طبقہ کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں ،سبزیوں میں آلو کی قیمت 80، پھول گوبھی 90، ٹینڈی 100، مونگرے 150 ، شملہ مرچ 200، مٹر 280 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں۔

پھلوں میں سیب 200 ،انار بدانہ 400،امرود 120، پپیتا 180،جاپانی پھل 150، انگور 200 سے 320 روپے کلو فروخت کیے جا رہے ہیں، شہری کہتے ہیں پھل اور سبزیاں خریدنا مشکل ہے جبکہ انتظامیہ ریٹ کنڑول کرنے میں ناکام ہے۔

سبزیاں اور پھل خریدنے والے شہری کہتے ہیں کہ بنیادی ضروریات کی چیزوں پر کس طرح سےسمجھوتہ کریں، حکومتی معاشی پالیسیوں نے غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرایا ہوا ہے، اسسٹنٹ کمشنر سٹی کہتے ہیں کہ پھلوں اور سبزیوں کے دام سرکاری سطح پر فروخت کروانے کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔

دکان دار کہتے ہیں کہ مہنگائی کی حالیہ لہر میں پھلوں کی خریداری میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ لوگ سبزیاں خریدنے کے لئے اپنی ضرورت سے کم اور گنجائش کے مطابق سامان خرید کر گزارہ کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں