90

اسحاق ڈار نے دورۂ امریکا ملتوی کرنے کی وجوہات بتادیں

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ ہونے کے قریب ہیں، دوست ملک سے ایک ارب ڈالر کی ادائیگی کا انتظار ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی میٹنگ میں ورچوئل شرکت کروں گا، موجودہ حالات میں امریکا جانا ممکن نہیں، فیصلے کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے، کون سی قوتیں ہیں جو ملک کو بحرانوں میں دھکیل رہی ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا وزارت خزانہ کی اہم ذمہ داری پیسوں کے حوالے سے ہے، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے دینے کا کہا ہے، سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی حکومت کو رقم فراہم کرنے کیلئے 10 اپریل تک کی مہلت دی گئی ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن کو یہ ہدایت بھی دی کہ 11 اپریل تک پیشرفت سے آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج سحری سے پہلے روانہ ہوکر کل امریکا پہنچنا تھا، پرسوں سے ورلڈ بینک سے اسپرنگ میٹنگ میں شرکت کرنی تھی لیکن آئی ایم ایف اجلاس سے متعلق میڈیا پر قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، آئی ایم ایف کی اپریل میں اسپرنگز اور سالانہ میٹنگز ہوتی ہیں۔سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کوئی کہہ رہا ہے کہ مجھے آئی ایم ایف نے منع کر دیا ہے، مجھے آئی ایم ایف منع نہیں کر سکتا، پاکستان آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا ممبر ہے کوئی بھکاری نہیں ہے، وزیراعظم کے کہنے پر میں نے دورہ امریکا ملتوی کردیا ہے، ملکی حالات کے پیش نظر واشنگٹن میں میٹنگز میں ورچوئل شرکت کروں گا۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئینی بحران کی کیفیت ہے، بحیثیت قوم ہم ایک بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں، اہم قومی معاملات پر لوز ٹاک اور لوز تجزیہ مناسب نہیں، مشکل معاشی حالات کے باوجود کوئی ایک بھی بین الاقوامی ادائیگی ایک منٹ بھی لیٹ نہیں کی، پاکستان نے 11 ارب ڈالر کی عالمی ادائیگیاں کی ہی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی جتنی کیوریز آئیں سب کا تسلی بخش جواب دیا ہے، آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ ہونے والا ہے، ایک دوست ملک آئی ایم ایف کو 2 ارب ڈالر کی ادائیگی کی تصدیق کرچکا اور ایک دوست ملک کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی تصدیق کا انتظار ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا 2017ء میں مسلم لیگ ن نے پاکستان کو 24 ویں معیشت بنا دیا تھا لیکن پچھلی حکومت نے پاکستان کو 47ویں معیشت بنا دیا، پاکستان کو دوبارہ سے 24ویں معشیت بنانے کیلئے سمت تبدیل کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں