175

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا پی ٹی آئی کے 43 اراکین کو ایوان میں داخل نہ ہونے دینےکا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پی ٹی آئی کے 43 اراکین اسمبلی کو ایوان میں داخل نہ ہونے دینےکا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے 24 جنوری کو تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے جس کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی اور موقف اختیار کیا گیا تھا کہ استعفے منظور کرنے کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیےگئے۔لاہور ہائی کورٹ نےگزشتہ روز 43 ارکان قومی اسمبلی (ایم این ایز) کو ڈی نوٹیفائی کرنےکا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرتے ہوئے 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی تاحکم ثانی روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔اب ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہےکہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، خبروں میں سنا ہے کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا ہے، اسپیکر کا فیصلہ تاحال اپنی جگہ موجودہے۔ ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہےکہ اس معاملے پر قانونی ٹیم سے مشاورت کی جا رہی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابقہ فیصلوں کی روشنی میں حکمت عملی بنائی جائےگی۔یاد رہےکہ مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 122اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں جن میں سے 43 ارکان کوڈی نوٹیفائی کرنےکا حکم لاہور ہائی کورٹ نے معطل کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں