629

طالبان کون ہیں اور ان کی تاریخ کیا ہے؟

کابل: افغان طالبان گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تیز ترین پیش قدمی اور متعدد اضلاع سے افغان فوج کی پسپائی کے بعد اتوار کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں داخل ہوئے ۔

طالبان کی تاریخ اور نظریے کے بارے میں کچھ اہم حقائق یہ ہیں:

تاریخ
پشتو زبان میں طالبان کا مطلب ’طلباء‘ ہے جو 1994 میں جنوبی افغان شہر قندھار سے ابھرے۔ یہ سوویت یونین کے انخلا کے بعد ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے لڑنے والے افغان جنگجو گروپوں میں سے ایک تھے۔

طالبان میں شامل اکثریت ان مجاہدین کی تھی جنہوں نے امریکا کی مدد سے 1980 کی دہائی میں سوویت افواج کو افغانستان سے بھاگنے پر مجبور کیا۔

طالبان کے بانی اور رہنما ملا محمد عمر تھے جو طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد روپوش ہوگئے تھے
1994 میں سامنے آنے کے بعد دو سال کے اندر طالبان نے کابل سمیت ملک کے بیشتر حصوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ۔ 1996 میں اسلامی قوانین کی تشریح کے ساتھ خلافت قائم کرنے کا اعلان کیا جب کہ اقتدار کے لیے لڑنے والے دوسرے مجاہدین گروہ ملک کے شمال میں چلے گئے اور پھر وہیں تک محدود رہے۔
11 ستمبر 2001 کو امریکا میں القاعدہ کے حملوں کے بعد امریکی افواج، شمالی اتحاد اور دیگر طالبان مخالف جنگجو نومبر میں بھاری امریکی فضائی حملوں کی آڑ میں کابل میں داخل ہوئے۔

جب کہ طالبان دور دراز علاقوں میں روپوش ہوگئے، جہاں سے انہوں نے افغان حکومت اور اس کے مغربی اتحادیوں کے خلاف 20 سالہ طویل جنگ شروع کی۔

طالبان کے بانی اور رہنما ملا محمد عمر تھے جو طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔ ملا عمر کے ٹھکانے اتنے خفیہ تھے کہ 2013 میں ان کی موت کی تصدیق بھی ان کے بیٹے نے انتقال کے دو سال بعد کی۔

نظریہ
اپنے پانچ سال کے اقتدار کے دوران طالبان نے سخت شرعی قوانین نافذ کیے۔ انہوں نے خواتین کو بنیادی طور پر کام کرنے سے روک دیا تھا اور مرد سرپرست کی غیرموجودگی میں انہیں گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔

طالبان کے دور میں سرعام پھانسی اور کوڑے مارنے کی سزائیں عام تھیں
ان کے دور میں سرعام پھانسی اور کوڑے مارنے کی سزائیں عام تھیں جب کہ مغربی فلموں اور کتابوں پر پابندی لگا دی گئی۔

مخالفین اور مغربی ممالک طالبان پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ اپنے کنٹرول والے علاقوں میں حکمرانی کی پرانی طرز پر واپس آنا چاہتے ہیں مگر طالبان اس الزام کو مسترد کرتے ہیں۔

تاہم، طالبان نے رواں سال کے شروع میں کہا تھا کہ وہ افغانستان کے لیے ایک حقیقی اسلامی نظام چاہتے ہیں جس میں ثقافتی روایات اور مذہبی قوانین کے مطابق خواتین اور اقلیتوں کو ان کے حقوق فراہم کرے۔

عالمی توثیق
90 کی دہائی میں بننے والی طالبان حکومت کوپاکستان سمیت صرف چار ممالک نے تسلیم کیا۔

امریکا اور اقوام متحدہ نے طالبان پر پابندیاں عائد کیں
جب کہ دیگر ممالک کی اکثریت نے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کابل کے شمالی صوبوں میں اقتدار رکھنے والے گروہ کو حکومت کا حقدار قرار دیا۔ امریکا اور اقوام متحدہ نے طالبان پر پابندیاں عائد کیں اور بیشتر ممالک نے طالبان کی حکومت کو سفارتی طور پر تسلیم کرنے میں بہت کم دلچسپی دکھائی۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ اگر طالبان نے اقتدار سنبھالا اور وہاں مظالم ڈھائے تو افغانستان کو عالمی سطح پر بہت ہی ناپسندیدہ ریاست بننے کا خطرہ ہے۔

تاہم ، دوسرے ممالک جیسے چین نے محتاط انداز میں اشارہ دیا ہے کہ وہ طالبان کو ایک جائز حکومت کے طور پر تسلیم کر سکتاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں