
لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے دائر کردہ 10 ارب روپے ہتک عزت کے دعوے میں مقامی عدالت نے انہیں 12 ستمبر کو ویڈیو لنک پر جرح کے لیے طلب کر لیا۔
ایڈیشنل سیشن جج یلماز غی نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل کی غیر حاضری کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر دونوں فریقین کے وکلا صبح 10 بجے عدالت میں موجود ہوں۔
پس منظر کے مطابق، عمران خان نے 2017 میں الزام عائد کیا تھا کہ شہباز شریف نے پاناما لیکس کے معاملے پر خاموش رہنے کے لیے انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی۔ اس الزام کے جواب میں شہباز شریف نے جولائی 2017 میں عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
بعد ازاں، جون 2020 میں شہباز شریف نے اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کی تھی کہ کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے تاکہ فیصلہ جلد سامنے آسکے۔