
وفاقی حکومت کا اسلام آباد میں پہلا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے دارالحکومت میں اپنی نوعیت کا پہلا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ پائلٹ منصوبہ "سمارٹ اسلام آباد” اقدام کے تحت شروع کیا جا رہا ہے جس کا مقصد شہریوں کو جدید اور مربوط سہولیات فراہم کرنا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، سینٹر میں ایک گورنمنٹ لیول فیوژن پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا جہاں اسلام آباد کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران ایک ہی جگہ پر موجود ہوں گے۔ اس کے ذریعے ٹریفک، فضائی معیار، کچرا اور ٹرانسپورٹ مینجمنٹ سمیت شہری سہولتوں کے تمام شعبوں میں ریئل ٹائم ڈیٹا انٹیگریشن اور مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔
پروجیکٹ کے تحت اسلام آباد میں مزید اسمارٹ ڈیوائسز اور سینسرز نصب کیے جائیں گے تاکہ شہروں کے مسائل کا بروقت حل نکالا جا سکے۔ شہری سہولتوں کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے جدید اے آئی بیسڈ پلیٹ فارم تیار کیا جائے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک نیشنل ریپلیکیشن بلیوپرنٹ بھی تیار ہوگا تاکہ اس ماڈل کو ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی بڑھایا جا سکے۔
منصوبے کی مجموعی لاگت 70 کروڑ 83 لاکھ 85 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ پلاننگ ڈویژن نے پہلے مرحلے کے لیے 25 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا جائے گا جبکہ نظام کو چلانے کے لیے ضروری سافٹ ویئر اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق، یہ سینٹر نہ صرف شہری سہولتوں کو بہتر بنائے گا بلکہ اسلام آباد کو اسمارٹ سٹی ماڈل کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔