
وزیراعظم کے دورہ بیجنگ میں 10 بڑے آئی ٹی معاہدے طے
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ بیجنگ میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ذیلی اداروں نے چینی کمپنیوں کے ساتھ 10 معاہدوں پر دستخط کیے۔
وزارتِ آئی ٹی نے چین کی وزارتِ صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون پر اتفاق کیا، جب کہ علی بابا کے ساتھ پاکستانی نوجوانوں کے لیے ای-کامرس ٹریننگ کا معاہدہ ہوا۔
ہواوے کے ساتھ ملک بھر میں کنیکٹیویٹی کے لیے اسٹریٹجک فریم ورک تشکیل دیا گیا۔ اس کے علاوہ زیڈ ٹی ای ایک لاکھ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی تربیت دے گا اور اسلام آباد میں گلوبل آئی سی ٹی ٹریننگ سینٹر قائم کرے گا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کے مطابق پاکستان اپنی پہلی فل اسٹیک اے آئی کلاؤڈ لانچ کرے گا۔ ان کے بقول، علی بابا پاکستان کو اوپن سورس لینگویج ماڈل فراہم کرے گا، جب کہ اے آئی پر مبنی بیماریوں کی تشخیص کے سلوشنز اور اسلام آباد کے اسکولوں میں تعلیمی ٹولز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ نیشنل فائبر بیک ہال نیٹ ورک اور سب میرین کیبل انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لیے بھی معاہدے طے پائے۔ ان منصوبوں کا مقصد پاکستان کی بی ٹو بی ایکسپورٹ مارکیٹ کو 10 گنا بڑھانا ہے۔