پاکستانتازہ ترینکھیل

سلمان آغا اور شاہین آفریدی نے سیریز کی آمدنی سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کر دی

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ وہ سہ فریقی سیریز سے حاصل ہونے والی اپنی آمدنی ملک بھر میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے متاثرین کو عطیہ کریں گے۔

یہ اعلان پاکستان کی اتوار کو شارجہ میں سہ ملکی سیریز کے فائنل میں افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد کیا گیا۔ فائنل میں پاکستان نے 141 رنز بنائے، جس کے جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم صرف 66 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسپنر محمد نواز نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے ساتھ ساتھ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔

میچ کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان میں سلمان علی آغا نے کہا کہ مشکل گھڑی میں وہ اور شاہین شاہ آفریدی سیلاب زدگان کے ساتھ ہیں اور سیریز کی آمدنی فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کروائیں گے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ بھی بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کریں۔ شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وطن کی مٹی ہم سے تقاضا کر رہی ہے کہ سیلاب زدگان کا ہاتھ تھاما جائے۔

پاکستان میں جون سے جاری بارشوں اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق اب تک 910 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئیں۔ پنجاب میں 41 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ سیلابی پانی اب سندھ کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ہنگامی صورتحال کا خدشہ ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button