پاکستانتازہ ترین

چناب اور ستلج میں طغیانی، جلال پور پیروالا میں بند ٹوٹنے سے درجنوں بستیاں زیر آب

اسلام آباد (ویب ڈیسک) — دریائے چناب اور ستلج میں شدید طغیانی کے باعث جنوبی پنجاب تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ جلال پور پیروالا کے نواحی علاقوں میں مقامی بند ٹوٹنے سے درجنوں بستیاں زیر آب آگئیں اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ پانی کے دباؤ میں مسلسل اضافہ ہونے پر شہر میں داخلے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق رات بھر ریسکیو آپریشن جاری رہا۔ اب تک 10 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ متعدد علاقوں میں لوگ گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ خان بیلہ، شاہ رسول اور بہادر پور کے قریب بند ٹوٹنے کے بعد مساجد سے اعلانات کر کے فوری انخلا کی اپیل کی گئی۔

کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا کہ متاثرہ تمام افراد کے انخلا تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز براہِ راست سیلابی صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق اب تک 2 ہزار افراد کو ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کے ذریعے نکالا گیا ہے اور آپریشنز کو ڈرونز کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے چناب پر ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک جبکہ دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ متعدد مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔

جھنگ میں دوسرے بڑے ریلے کے باعث 300 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں اور تقریباً چار لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ مظفرگڑھ اور بہاولپور میں بھی ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ اور کئی بستیاں زیر آب آگئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر پانی کا بہاؤ اسی رفتار سے بڑھتا رہا تو ملتان اور گرد و نواح میں خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button