
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور شمالی پنجاب کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ادارے کے مطابق 2 سے 6 گھنٹوں میں مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم کے شہری متاثر ہو سکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز گرمی کے باعث ’ٹاورنگ کومولس‘ بادل بنے جس سے آسمانی بجلی گرنے، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ شہروں میں کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بجلی کی بندش اور دیگر سہولیات میں رکاوٹ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کریں اور درختوں یا کمزور عمارتوں کے قریب کھڑے ہونے سے پرہیز کریں۔