
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ، تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز اکتوبر اور نومبر میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق نیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل (2025-27) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز سے شروع ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جبکہ دوسرا 20 سے 24 اکتوبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ جنوبی افریقہ کا 2021 کے بعد پاکستان کا پہلا ٹیسٹ دورہ ہوگا۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔ پہلا میچ 28 اکتوبر کو پنڈی اسٹیڈیم جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
سب سے اہم موقع فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم کو 17 برس بعد ون ڈے کرکٹ کی میزبانی ملنا ہے۔ تینوں ون ڈے میچز 4، 6 اور 8 نومبر کو فیصل آباد میں شیڈول ہیں۔ آخری بار یہاں 2008 میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ موجودہ ٹیسٹ چیمپئنز جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے نئی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز پاکستانی شائقین کے لیے پرجوش ہوگا۔ انہوں نے فیصل آباد میں ون ڈے کرکٹ کی واپسی کو تاریخی لمحہ قرار دیا۔