
والد کے انتقال کے بعد پرفارمنس پر تنقید پر عاطف اسلم کا ردعمل
پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے والد کے انتقال کے اگلے دن پرفارمنس کرنے پر ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ صرف ان کا ذاتی معاملہ تھا اور اس پر کسی کو رائے دینے کا حق نہیں۔
عاطف اسلم کے والد 12 اگست کو انتقال کر گئے تھے، جب کہ گلوکار نے 13 اگست کو کراچی میں سرکاری تقریب میں پرفارم کیا تھا۔ اس موقع پر انہیں تعریف اور تنقید دونوں کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی صحافی شہریار فریدون کو دیے گئے انٹرویو میں عاطف اسلم نے کہا کہ وہ ہر کسی کو وضاحت دینے کے پابند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا فیصلہ ہے کہ اسٹیج پر جانا چاہیے یا نہیں، میری زندگی پوری دنیا کے لیے نہیں ہو سکتی۔
عاطف اسلم نے مزید کہا کہ لوگ اپنے کام کریں اور انہیں یہ نہ بتائیں کہ وہ کیا کریں یا نہ کریں۔ گلوکار کا مؤقف ہے کہ ان پر تنقید کرنے والے اپنا کام کر رہے ہیں اور وہ اپنا۔
ان کے بیان پر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، تاہم متعدد افراد نے ان کے ذاتی فیصلے کا احترام کرنے کی حمایت کی ہے۔