
برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر نے اپنی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ برطانیہ کی نائب وزیرِ اعظم اینجلا رینر کے مستعفی ہونے کے بعد ڈیوڈ لیمی کو نیا نائب وزیرِ اعظم مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس کے ساتھ سیکریٹری انصاف کا منصب بھی سنبھالیں گے۔
اسی تبدیلی کے سلسلے میں شبانہ محمود کو ہوم آفس میں سیکریٹری داخلہ کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ یویٹ کوپر اب سیکریٹری خارجہ کے عہدے پر فائز ہیں۔
شبانہ محمود: تجربہ کار سیاستدان اور کمیونٹی کی نمائندہ
کابینہ میں تبدیلی سے قبل شبانہ محمود سیکریٹری انصاف کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ وہ سنہ 2010 سے برمنگھم لیڈیوڈ سے رُکن پارلیمنٹ منتخب ہو رہی ہیں اور ماضی میں شیڈو کابینہ میں متعدد عہدوں پر فائز رہی ہیں۔
شبانہ محمود برمنگھم میں پیدا ہوئی اور اسی شہر میں ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ بطور سیکریٹری انصاف، انہیں جیلوں میں قیدیوں کی زیادہ تعداد اور عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات جیسے چیلنجز کا سامنا رہا۔ انہوں نے امیگریشن اور پناہ گزینوں کے معاملات پر کھل کر مؤقف اختیار کیا اور انسانی حقوق کے قوانین کو جرائم پیشہ افراد کو ملک بدر کرنے سے روکنے کے لیے استعمال نہ کرنے کی بات کی۔
بی بی سی کی پولیٹیکل رپورٹر جینیفر مککیرنن کے مطابق، شبانہ محمود کی بطور سیکریٹری داخلہ تعیناتی یہ ظاہر کرتی ہے کہ برطانوی حکومت غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔