
پشاور (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں مبینہ ناروا سلوک کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی۔ اپوزیشن کی جانب سے قرارداد کی شدید مخالفت کی گئی تاہم عددی اکثریت کے باعث یہ منظور ہو گئی۔
تحریک انصاف کے رکن اسمبلی آصف محسود کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، اور انہیں اخبارات و ٹی وی تک رسائی سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔
اپوزیشن نے اس اقدام کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش قرار دیا، لیکن حکومتی بنچوں کی حمایت سے قرارداد منظور ہو گئی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس پیش رفت سے مرکز اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔