
کھیل
فخر زمان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 100 میچز کا سنگ میل عبور کر لیا
قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر بلے باز فخر زمان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے 100 میچز کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔
یہ سنگ میل انہوں نے افغانستان کے خلاف شارجہ میں کھیلی گئی سہ فریقی سیریز کے میچ میں شرکت کے دوران حاصل کیا۔ فخر زمان نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا اور تب سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اب تک 100 یا اس سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان اور محمد رضوان بھی شامل ہیں۔
فخر زمان کی اس کامیابی پر کرکٹ شائقین اور ماہرین نے انہیں مبارکباد دی ہے اور ان کی ٹیم کے لیے مزید کامیابیوں کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔