کراچی (بزنس رپورٹر) — پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان کا سلسلہ جاری ہے، اور کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 100 انڈیکس نے ایک بار پھر 1 لاکھ 50 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر لی۔ دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی، جب کہ 100 انڈیکس میں 400 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 150,371 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔ یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد، معاشی اشاریوں میں بہتری اور حکومتی اقدامات کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ کا اختتام 149,971 پوائنٹس پر ہوا تھا۔ پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں 34 ارب 19 کروڑ 9 لاکھ 61 ہزار 502 روپے مالیت کے 51 کروڑ 18 لاکھ 21 ہزار 531 شیئرز کا لین دین ہوا، جو مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی سرگرمی کا ثبوت ہے۔
ڈالر کی قدر میں معمولی کمی
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق، انٹربینک میں امریکی ڈالر 10 پیسے سستا ہوا، جس کے بعد ڈالر کی نئی قیمت 281 روپے 65 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں بہتری اور اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مالیاتی اور معاشی شعبوں میں مثبت سمت کی طرف پیش رفت جاری ہے، تاہم عالمی اور مقامی چیلنجز کے باعث احتیاط کا دامن تھامنا بھی ضروری ہے۔





