
لاہور (نمائندہ خصوصی) — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹے شیر شاہ کی گرفتاری دراصل بانی پی ٹی آئی پر سیاسی دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ شیر شاہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہونا تھی، لیکن تفتیشی افسر مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے میں ناکام رہا۔ ان کے بقول:
"پنجاب پولیس کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا جائے۔ مقدمے میں شامل دیگر تمام افراد کی ضمانت ہو چکی ہے، صرف میرے بیٹے کی درخواست کو جان بوجھ کر التواء میں رکھا جا رہا ہے۔”
انہوں نے پراسیکیوشن پر بھی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ کیس کو دانستہ طور پر طول دیا جا رہا ہے، تاکہ بانی پی ٹی آئی پر دباؤ برقرار رکھا جا سکے۔
"ہم بہنیں اڈیالہ جا رہی ہیں”
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ وہ اور ان کی دیگر بہنیں اڈیالہ جیل جا رہی ہیں، کیونکہ اگلے دن ان کے بھائی عمران خان سے ملاقات کا دن مقرر ہے۔
"ہم چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کا مکمل میڈیکل چیک اپ کروایا جائے تاکہ ان کی صحت کے حوالے سے تمام شکوک و شبہات دور کیے جا سکیں۔”
"مجھے قید کر کے نہیں توڑا جا سکتا” — بانی پی ٹی آئی کا مؤقف
علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا ان کے ذریعے پیغام یہی ہے:
"مجھے قید کر کے یہ لوگ مجھے توڑ نہیں سکتے۔ پاکستان ہمارا وطن ہے، اور ہم اس کے لیے قربانی دینے کو تیار ہیں۔”
عدالتی کارروائی
ادھر عدالت نے شیر شاہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے سماعت مؤخر کر دی۔